ورلڈکپ میں پاکستان کا پہلا امتحان، شاہین آج ویسٹ انڈیز سے ٹکرائیں گے

ناٹنگھم: (پاکستان فوکس آن لائن)کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا امتحان آج ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوگا، ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں شاہین کالی آندھی سے ٹکرائیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے مدمقابل ہوں گی۔میچ سے قبل ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں گرین شرٹس نے بھرپور ٹریننگ کی، کھلاڑیوں نے نیٹ پر بیٹنگ کی خوب پریکٹس کی جبکہ محمد عامر بھی مکمل ردھم کے ساتھ بولنگ کرتے رہے۔
پہلے میچ کیلئے پاکستان کے 12 رکنی اسکواڈ کو منتخب کر لیا گیا ہے جبکہ فائنل الیون کا فیصلہ پچ اور کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔پاکستانی اننگز کی شروعات فخر زمان اور امام الحق کریں گے ، پھر بابر اعظم ، محمد حفیظ ، سرفراز احمد آئیں گے اور بیٹنگ کے جوہر دکھائیں گے، چھٹے نمبر پر آصف کھیلیں گے یا حارث اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔بولنگ میں شاداب خان، عماد وسیم اپنی اسپن سے حریفوں کر نچائیں گے جبکہ وہاب ریاض اور محد عامر فاسٹ بولنگ سے بلے بازوں کو دھمکائیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہہ چکے ہیں کہ فاسٹ بولر محمد عامر مکمل فٹ اور ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ کیلئے دستیاب ہیں۔محمد عامر کے بارے میں اطلاعات تھیں کہ انہوں نے کوچ مکی آرتھر کو آگاہ کیا ہے کہ وہ مکمل فٹ نہیں ہیں اس لیے پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ناٹنگھم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ عامر مکمل فٹ ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور امید ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شکستوں کے تسلسل کو توڑیں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے لیکن اگر ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کرنا ہوا تو بیٹنگ آرڈر مختلف ہوسکتا ہے۔پاکستان سے مقابلے کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم نے بھی ناٹنگھم میں جم کر پریکٹس کی، حریف ٹیم میں بھی ایک سے بڑھ کر ایک کھلاڑی موجود ہے ، کرس گیل ، ڈیرن براوو، شائی ہوپ سب فارم میں ہیں، جیسن ہولڈر اور آندرے رسل بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی کمال دکھاتے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے 12 رکنی ممکنہ ٹیم میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر اور آصف علی شامل ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *