طیارہ حادثہ،پی آئی اے کی بد انتظامی ناقابل معافی ہے، ماہرہ خان

پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت متاثرہ خاندانوں کیلئے ڈراؤنا خواب ہے، ماہرہ خان

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ماہ حادثے کے شکار طیارے کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے اہل خانہ کے لیے ایسے رویے عمر بھر کے لیے ڈراؤنے خواب کی طرح ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی بد انتظامی ناقابل معافی ہے۔گزشتہ دنوں پی آئی اے کی بد قسمت پرواز پی کے 8303 میں اپنے خاندان کو کھو دینے والے زین پولانی کے بھائی کمیل پولانی نے حال ہی میں ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے اداروں کی کارکردگی کی نااہلی کے بارے بتایا۔
کمیل پولانی نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ ‘زین پولانی کے دو بچوں کی نماز جنازہ اور تدفین ہو گئی ہے جب کہ ان کے ایک بچے کی لاش حکام کی نااہلی کے باعث 11 دن قبل کسی اور خاندان کے سپرد کر دی گئی تھی جسے اس خاندان نے دفنا بھی دیا۔کمیل پولانی نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان، پی آئی اے اور مرتضیٰ وہاب کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اس معاملے پر سخت تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
کمیل پولانی کے اس ٹوئٹ پر اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ ‘پی آئی اے کی بد انتظامی نا قابل معافی ہے، یہ لواحقین کے خاندان کے لیے کبھی نہ ختم ہونے والا بھیانک خواب ہے۔خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *