گوادر ہوٹل آپریشن مکمل، 5 شہری بھی شہید ہوئے: آئی ایس پی آر

گوادر ہوٹل حملہ: سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا

راولپنڈی: (پاکستان فوکس آن لائن) : گوادرمیں فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشتگردوں کے حملے سے پانچ افراد شہید ہوئے اور چھ زخمی ہیں جب کہ تین دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے حملے کے 23 گھنٹے بعد آپریشن مکمل ہونے کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں پاک بحریحہ کا ایک نوجوان اور ہوٹل کے 4 ملازمین شامل ہیں۔زخمیوں میں پاک فوج کے دو کیپٹن، بحریہ کے دو جوان اور دو ہوٹل ملازمین شامل ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد ہوٹل کے مہمانوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے تاہم بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی گارڈ نے دہشتگردوں کی مین ہال میں داخلے کی کوشش ناکام بنائی۔ دہشتگردوں نے سیڑھیوں کے ذریعے اوپر والی منزل پر جانے کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ سے ہوٹل ملازمین بلال اور اویس شہید ہو گئے۔فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا ہے کہ گوادر ہوٹل آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کی جارہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز شام پانچ بجے کے قریب تین دہشتگردوں نے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ کیا تھا جسے بروقت جوابی کارروائی سے ناکام بنایا گیا۔ ابتدائی طور پر ایک شہادت کی اطلاعات آئی تھیں لیکن آج تعداد پانچ ہوگئی ہے اور چھ افراد زخمی ہیں۔حملے کی اطلاع ملتے ہیں سیکیورٹی فورسز نے ہوٹل کو گھیرے لے کر ریسکیو آپریشن شروع کیا اورسب سے پہلے مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا۔ دہشتگردوں کو ٹاپ فلور پر جانے والی سیڑھیوں میں محصور کر کے ہوٹل کے دیگر حصوں میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *