شوال کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں عید الفطر کل ہوگی

وبا کے باعث احتیاط کرتے ہوئے عید کی زبانی مبارک باد دی جائے، مفتی منیب الرحمن

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ملک میں عید الفطر کل اتوار 24 مئی کو منائی جائے گی۔
چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں کمیٹٰی کا اجلاس محکمہ موسمیات کراچی کمپلکس میں ہوا۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کےعلاوہ زونل کمیٹی ممبران اور بحریہ کے ماہرین نے بھی شرکت کی اور تکنیکی معاونت کےلیے محکمہ موسمیات سپارکو کے اراکین بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔
مفتی منیب الرحمن نے چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں چاند دیکھنے کا امکان تھا وہاں سے شہادتیں موصول ہوئیں اور ان کا جائزہ لینے میں وقت لگا۔ انہوں نے کراچی میں طیارے کے حادثے میں جانی نقصان پر اظہار کیا اور کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے دعا بھی کروائی۔کراچی کے علاوہ لاہور ، اسلام آباد ، کوئٹہ اور پشاور میں بھی زونل کمیٹیوں کے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوئے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مصافحے اور گلے ملنے سے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لیے بہتر یہ ہے کہ احتیاط پر عمل کیا جائے اور زبانی عید کی مبارک باد دی جائے۔

دوسری طرف بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر بابر کہدہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پسنی میں میرے علاقے میں30سے زائد لوگوں نے اپنی آنکھوں سے چاند دیکھا، بلوچستان کے علاقے پسنی میں شوال کا چاند نظرآگیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈپٹی کمشنرپسنی کوبھی چاند نظرآنے سے متعلق اطلاع کر دی۔ پسنی میں 30 سے زائد لوگوں نے چاند دیکھا، پسنی میں چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *