اسٹاک ایکسچینج میں مندی 2 گھنٹے کیلئے کاروبار روک دیا گیا

روپے کی قدر میں مزید کمی،ڈالر کی قدر میں 3 روپے اضافہ، 162 روپے کا ہوگیا

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان بدستور برقرار ہے اور 100 انڈکس میں شدید مندی کے بعد آج کاروبار دو گھنٹے کے لیے روک دیا گیا ہے۔کوروناوائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کئی روز سے جاری مندی کا سلسلہ بدستور برقرار ہے اور آج بھی 100 انڈکس میں 1270 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔1270 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈکس میں 27294 پر پہنچ گیا جس کے بعد کاروبار 45 منٹ کے بجائے 2 گھنٹے کے لیے روک دیا گیا۔
ایک طرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان برقرار ہے تو دوسری طرف ڈالر کی اونچی اڑان شروع ہو گئی ہے، آج انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہو کر 162 روپے کا ہوگیا ہے۔چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا کورونا نے جہاں عالمی معیشت کو تباہ کردیا وہیں اس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی آنا شروع ہوگئے ہیں اور آج روپے کی قدر میں مزید کمی دیکھنے میں آئی ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 162 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *