حدیقہ کیانی نے ’’آنٹی‘‘ کہنے والوں کو کھری کھری سنا دیں

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی نہ صرف اپنی آواز بلکہ اپنی پرکشش شخصیت کی وجہ سے بھی مشہور ہیں اور ملک بھر میں ان کے لاکھوں مداح ہیں۔حال ہی میں ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں ایک خاتون نے ان کے لیے نامناسب کمنٹ لکھے جس کے بعد حدیقہ کیانی نے نہ صرف انہیں بلکہ دیگر افراد کو بھی کرارا جواب دیا۔گلوکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ان کی ایک پوسٹ پر ایک لڑکی نے نامناسب کمنٹ کیا اور انہیں بڑھتی عمر کی وجہ سے ’آنٹی’ قرار دیا۔گلوکارہ نے اس کمنٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے نامناسب کمنٹ کرنے والی لڑکی کی شناخت چھپا دی تھی۔کمنٹ میں پڑھا جا سکتا ہے کہ لڑکی نے حدیقہ کیانی کو ’آنٹی‘ مخاطب کرتے ہوئے انہیں ’اللہ اللہ‘ کرنے کا مشورہ دیا۔

 

کمنٹ میں لڑکی نے حدیقہ کیانی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آنٹی اب تمہاری اللہ اللہ کرنے کی عمر ہے‘۔
اپنی پوسٹ پر اسی کمنٹ کے بعد حدیقہ کیانی نے انسٹاگرام اسٹوری میں خواتین کو بڑھتی عمر کے طعنے دینے والے تمام افراد کو کرارا جواب دیا اور کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ خواتین کو عمر رسیدہ ہونے کے طعنے خواتین ہی دیتی ہیں۔

حدیقہ کیانی نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’انہوں نے نامناسب کمنٹ کرنے والی لڑکی کا نام چھپا دیا ہے تا کہ اسے کوئی اور تنگ نہ کرے اور ہمیں یہ کوشش کرنی چاہیے کہ ہمیں اپنی بچیوں کو دوسری خواتین کی عزت کرنا اور ان سے محبت سے پیش آنے کا سبق دینا چاہیے‘۔

حدیقہ کیانی نے مزید لکھا کہ ’ تمام خواتین عمر رسیدہ ہوتی ہیں، اسی طرح تمام خواتین کا وزن یا تو بڑھتا ہے یا پھر کم ہوتا ہے اور ایک دن ہر کسی کے چہرے پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں اور انہیں کامیابی کے باوجود یہ سماج ایک خاص زاویے سے دیکھتا ہے لیکن خواتین کو معاشرے کے معیارات کے مطابق خود کو محدود نہیں رکھنا چاہیے‘۔

انہوں نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’اللہ اللہ کرنے کا عمر سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اللہ اللہ کرنے کی ضرورت زندگی کے ہر حصے میں ہوتی ہے‘۔گلوکارہ نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت کی کہ خواتین سے متعلق یہ سمجھا جاتا ہے کہ وہ 35 سال کی عمر کو پہنچیں ہیں تو وہ گھر تک ہی محدود رہیں۔
حدیقہ کیانی نے لکھا کہ اگر اللہ نے انہیں صحت، طاقت اور حوصلہ دیا تو وہ 55 برس، 65 برس اور 75 برس تک کام کریں گی۔ساتھ ہی اداکارہ نے پیغام دیا کہ سب کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے اور محبت کا پیغام دینا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *