امریکا کا پاکستان کیلئے ایف 16 طیاروں کی تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان سے متعلق امریکا کا رویہ بدلنے لگا۔ امریکی وزارت خارجہ نے ایف 16 طیاروں کے لیے سپورٹ کی منظوری دے دی۔ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے لیے ملٹری سپورٹ دوبارہ شروع کر دی اور امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ اور یو ایس ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے ایف سولہ طیاروں کے لیے پاکستان کو لاجسٹک اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے پرزے اور فنی خدمات فراہم کرے گا۔
یہ اعلان وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد سامنے آیا ہے۔امریکا کی جانب سے بھارت کے سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے بھی 67 کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔امریکی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آلات اور سپورٹ کی مجوزہ فروخت سے خطے میں فوجی توازن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف 16 طیاروں کی فروخت سے امریکی خارجہ پالیسی اور نیشنل سیکیورٹی کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ اس طرح سے امریکا ہر وقت اپنے فوجیوں کی موجودگی سے اپنی ٹیکنالوجی کا تحفظ کر سکتا ہے۔
ادھر امریکی حکومت نے پاکستان کا ایک اور مطالبہ مان لیا۔ پاکستان سے متعلق ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیر اعظم کے حالیہ دورے میں پاکستان نے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ٹریول ایڈوائزری میں نرمی سے سرمایہ کاری میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک امریکہ ٹریڈ انوسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ کونسل کا اجلاس بھی اس سال منعقد کر انے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *