اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔ اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری سینیٹ کے پاس جمع کرادی، تحریک عدم اعتماد راجا ظفر الحق، جاوید عباسی،شیری رحمان اور غفور حیدری نے جمع کرائی۔ تحریک کے ساتھ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ کااجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی جمع کرائی گئی ہے۔اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا ظفرالحق کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر مشاہد اللہ خاں، شیری رحمان، مولاناعطاالرحمان، عثمان کاکڑ، آصف کرمانی، میر کبیر محمد شاہی، پرویزرشید، ستارہ ایاز، رحمان ملک، سسی پلیجو اور بہرمند خان تنگی نے شرکت کی تاہم جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹر سراج الحق اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف قرارداد شیری رحمان اور (ن) لیگی سینٹر جاوید عباسی نے تیار کی جس پر حزب اختلاف کی جماعتوں کے مختلف سینیٹرز نے دستخط کئے۔واضح رہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ کا منصب مسلم لیگ (ن) کو دینے پر اتفاق کیا ہے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ پیپلز پارٹی ہی کے پاس رہے گا۔ رہبر کمیٹی کا اگلا اجلاس 11 جولائی کو ہوگا اور اسی روز نئے چیئرمین سینیٹ کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
سینیٹ کے رولز آف پروسیجر کے تحت تحریک پر ووٹنگ کے لئے سات روز بعد اجلاس بلایا جائے گا جس میں قرارداد پر ووٹنگ کرائی جائے گی، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں موجودہ چیئرمین عہدہ چھوڑ دیں گے اور اس کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نئے چیئرمین کے انتخاب کے لئے شیڈول جاری کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *