کورونا وائرس، امریکا کی چین سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی

چینی صدر سے اچھے تعلقات ہیں لیکن اس وقت ان سے بالکل بات نہیں کرنا چاہتا، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: (پاکستان فوکس آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر چین سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ چین نے کورونا وبا سے متعلق درست معلومات فراہم نہ کیں تو وہ اس سے تعلقات ختم کر دیں گے۔
دنیا بھر بالخصوص امریکا میں کورونا وائرس کی تیزی سے بڑھتی وبا نے امریکا اور چین کے درمیان فاصلے مزید بڑھادیے ہیں، امریکا کی جانب سے آئے دن چین کے خلاف نئے الزامات اور سخت بیانات میڈیا کی زینت بنتے ہیں، اب ایک بار پھر امریکی صدر نے چین سے تعلقات مکمل طور پر ختم کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین سے تعلقات ختم امریکا 500 ارب ڈالر بچا لے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے معاملے پر چین نے بہت مایوس کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ان کے اچھے تعلقات ہیں لیکن اس وقت وہ چینی ہم منصب سےگفتگو کے خواہش مند نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر مزید ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں پھیلی وبا کا الزام چین پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا تعلق ووہان کی لیبارٹری سے ہے۔دوسری جانب امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی اور سائنسدان کہتے ہیں کہ کورونا وائرس جانور سے انسان میں منتقل ہوا اور اس کا تعلق چین کے شہر ووہان کی لیب سے نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *