کراچی:سابق گورنر عشرت العباد کے بھائی گلستان جوہر سے گرفتار

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کے بھائی عامرالعباد کو گرفتارکرلیا گیا۔ پولیس نے عامر العباد کو گلستان جوہر سے گرفتار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق عامرالعباد کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز اپنی ضمانت بھی کرائی تھی لیکن اس کے باوجود پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے بھائی عامرالعباد کو چیک باؤنس ہونے کے درج مقدمہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ عامر العباد کی گرفتاری مقدمہ نمبر43/19 میں 489 ایف دفعہ کے تحت عمل میں آئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عامرالعباد کے خلاف چند دن قبل سٹی کورٹ تھانہ میں طارق نیازی ایڈوکیٹ نے چیک باؤنس ہونے کا مقدمہ درج کرایا تھا۔درج مقدمہ میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عامرالعباد نے 40 لاکھ روپے کا چیک دیا جو باؤنس ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق عامرالعباد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار عامرالعباد کوآج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *