پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں 350فنکار جوہر دکھائیں گے

راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی سمیت متعدد فنکار پرفارم کرینگے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان سپر لیگ2020 کی افتتاحی تقریب جمعرات کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی جس میں 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب جمعرات کو شام 6:45 پر نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی جس میں متعدد سپر اسٹارز سمیت 350فنکار شرکت کریں گے۔
تقریب میں مختلف گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ دیگر فنکار اپنے رقص سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔20فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی فضائیں پاپ، راک، صوفی اور علاقائی موسیقی کی دھنوں میں رنگ جائیں گی جہاں راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ فن کے جوہر دکھائیں گے۔ایچ بی ایل کے آفیشل میں سر کا جادو جگانے والے چاروں گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر اور ہارون بھی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔
اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستانی سرزمین پر منعقد ہوں گے اور لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔20فروری کو افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جو رات 9بجے شروع ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ 2020 کے تمام 34میچز ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کا افتتاحی میچ کراچی اور فائنل میچ کی میزبانی لاہور کا قذافی اسٹیڈیم کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *