امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔امیر قطر کا خصوصی طیارہ نور خان ایئربیس پر اترا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شیخ تمیم بن حمد الثانی کا استقبال کیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی جبکہ وزیر اعظم نے معزز مہمان کی گاڑی خود چلائی۔امیر قطر کے لیے باضابطہ استقبالیہ تقریب وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔شیخ تمیم بن حمد الثانی کو وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جبکہ ‘جے ایف 17’ تھنڈر نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔قطر کے امیر وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں جس میں اہم وزرا اور سینئر حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد ان کے ہمراہ ہوگا۔ وہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کریں گے۔فریقین باہمی مفاد کے لیے مستحکم اقتصادی شراکت داری کے قیام کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔دورے کے دوران پاکستان اور قطر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔توقع ہے کہ شیخ تمیم بن حمد الثانی کے دورے سے دونوں ملکوں کے قریبی برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *