یو اے ای نے مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا

ابوظہبی: (پاکستان فوکس آن لائن)متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کے سب سے بڑی سویلین ایوارڈ سے نواز دیا۔متحدہ عرب امارات نے رواں سال اپریل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا۔
لیکن اس فیصلے کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے کیونکہ 5 اگست کو اٹھائے گئے بھارتی اقدامات کے بعد احتجاج کے پیش نظر وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی افراد کے ساتھ ساتھ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے بھی متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے مودی کو اعلیٰ ترین اماراتی سویلین اعزاز دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید نے سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ’ زاید میڈل‘ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پہنایا۔ یہ ایوارڈ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام سے منسوب ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو یہ ایوارڈ ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا جس کا رواں برس اپریل میں اعلان کرتے ہوئے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ تاریخی اور اسٹریٹیجک تعلقات قائم ہیں جسے مزید مضبوط کرنے میں پیارے دوست مودی کا بڑا ہاتھ ہے۔متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ’آرڈر آف زاید‘ برطانیہ کے ملکہ ایلزبتھ ، روسی صدر پوتن اور چین کے صدر سمیت کئی عالمی رہنماؤں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جا چکا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں جہاں ان کا ولی عہد محمد بن زاید نے پُرتپاک استقبال کیا، مودی کے دورہ یو اے ای میں دونوں ملک کے درمیان کئی تجارتی معاہدے طے پائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *