پی ایس ایل فائیو آج ملتان سلطان اور پشاور زلمی میں مقابلہ ہوگا

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کا آج سے آغاز

ملتان: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان سپرلیگ فائیو کے آٹھویں میچ میں آج ملتان سلطانزاورپشاورزلمی ملتان اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گے ۔
پاکستان سپر لیگ فائیو کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا ، دو دن کے آرام کے بعد آج ملتان سلطان اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی ۔میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ ملتان سلطانز شان مسعود کی قیادت میں میدان میں اتریں گے جبکہ پشاور زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی کریں گے۔ پشاور زلمی کی ٹیم اسکواڈ میں کامران اکمل، ٹام بینٹن اور شعیب ملک اہم بلے بازہیں جبکہ وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی باؤلنگ میں حریف ٹیم کے چھکے چھڑاسکتے ہیں ۔
دوسری جانب ملتان سلطانز میں بوم بوم شاہد آفریدی ایکشن میں آگئے تو حریف ٹیم کے لیے مشکل ہو سکتی ہے، ملتان سلطانز کو رائیلی روسو، معین علی اور جیمز ونس، محمد عرفان کی خدمات بھی حاصل ہونگی۔
پی ایس ایل 5 کے آٹھویں میچ کی میزبانی پہلی بار ملتان کررہا ہے ۔ اس سے قبل ملتان اسٹیڈیم میں آخری میچ 2008 میں پاکستان اوربنگلہ دیش کے مابین کھیلا گیا تھا ۔ ملتان اسٹیڈیم 5 ٹیسٹ اور 7 ایک روزہ میچز کی میزبانی کرچکا ہے ۔
پی ایس ایل سیزن 5 میں اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3،3 میچز کھیل چکے ہیں جبکہ پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نے 2،2 میچ کھیلے ہیں ۔پی ایس ایل 5 کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائٹڈ سب سے آگے ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے نمبرپر ہے۔پشاور زلمی تیسرے، ملتان سلطانز چوتھے اور کراچی کنگز کی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن ہے۔
واضح رہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں۔ پی ایس ایل ایونٹ میں کل 34 میچز32 روزمیں کھیلے جائیں گے۔ جن میں سے 14 میچز لاہور میں ،9 کراچی ، 8 راولپنڈی جبکہ 3 ملتان میں ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *