جعلی اکاؤنٹس کیس: عدالت میں جج ارشد ملک اور آصف زرداری کے درمیان دلچسپ مکالمے

ہمارا وزیراعظم چھپکلی سے بھی ڈرتا ہے، آصف زرداری

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران جج ارشد ملک اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان دلچسپ مکالمے ہوئے جب کہ آصف زرداری نے انور مجید کے صاحبزادوں سے بہتر رویہ رکھنے کی درخواست کی۔
نیب کی ٹیم سخت سیکیورٹی میں آصف زرداری کو لے کر عدالت پہنچی جہاں سماعت کے موقع پر رحمان ملک، نیئر بخاری، شیری رحمان اور عبدالغنی مجید کے اہلخانہ بھی موجود تھے۔دورانِ سماعت آصف زرداری نے اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے بیٹے عبد المجید غنی کو اپنے ساتھ بٹھا لیا۔اس موقع پر آصف زرداری اٹھ کر جج کے سامنے پیش ہوئے اور کہاکہ جو کیس بنانا ہے ضرور بنائیں لیکن ان (انور مجید کے بچوں) کے ساتھ رویہ تو بہتر رکھیں، یہ پڑھے لکھے بچے ہیں ان سے بہتر رویہ رکھا جائے۔
سابق صدر نے عدالت میں کہا کہ جیل میں بہت رہا ہوں، جیل میں بھی ایسا سلوک نہیں ہوتا، یہ وائٹ کالر کرائم ہے، یہ بچے پڑھے لکھے ہیں، نیب کم سےکم سلوک تو اچھا کرے، عدالت جو بھی فیصلہ کرے مگر سلوک اچھا کریں۔آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ راستےمیں سیکیورٹی انتظامات ہوں مگر کمرہ عدالت میں ہتھکڑی نہ لگائیں، اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ان ملزمان کو ہتھکڑی لگا رکھی ہے؟
آصف زرداری نے جواباً کہا کہ یہ ڈکیت نہیں اور نہ ملک دشمن عناصر ہیں، اس پر جج ارشد ملک نے سابق صدر سے مکالمہ کیا کہ یہ سماج دشمن عناصر ہیں۔
جج ارشد ملک نے دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس تین ملزم آئے تھے میں نے انہیں سماج دشمن عناصر کہا تھا، وہ ملزمان میرے سامنے آئے اور بولے ہم سماج دشمن نہیں بلکہ ہم اناج دشمن ہیں۔جج کی طرف سے سنائے گئے واقعے پر کمرہ عدالت میں قہقہے گونجنے لگے۔
دورانِ سماعت ملزم عبدالغنی مجید نے میڈیکل سہولیات کی درخواست دی اور کہا کہ نیب نے اسپتال سے اٹھایا ہے، طبی سہولیات دی جائیں۔ملزم کی استدعا پر جج نے کہا کہ نیب ہیڈ کوارٹر کو کسی اسپتال میں ہی منتقل نہ کردیں؟ کوئی اندر سےخود کنڈی لگا کر دو دن بیٹھا رہےاس کی طبیعت خراب نہیں ہوتی، جب یہ پتہ چلے کنڈی باہر سے کوئی لگاگیا ہے تو دل گھبراجاتا ہے، اس کیس میں بھی ایسا ہی ہورہا ہے،گرفتار ہوکر بیمار ہوجاتے ہیں۔جج کے ریمارکس پر آصف زرداری نے کہا کہ ایسے بھی ہم کمزور نہیں صاحب، وہ اور لوگ ہوتے ہوں گے جوڈرتے ہیں، میں نے 13سال قید تنہائی کاٹی ہے، مولا کا کرم ہے مجھے کچھ نہیں ہوا۔جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ سب لوگ ایسے نہیں ہوتے ، کچھ لوگ شیر سے لڑ جاتے ہیں اور کچھ چھوٹے سے جانور سے بھی ڈرتے ہیں، آصف زرداری نے کہا کہ وہ تو ہمارا وزیر اعظم بھی چھپکلی سے ڈرتا ہے۔سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کون سا وزیر اعظم ہے جو چھپکلی سے ڈر جاتا ہے۔ جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ موجودہ وزیراعظم ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔سماعت ختم ہونے پر آصف زرداری جج کے جانے کے بعد بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے جب کہ عبدالغنی مجید اور لطیف کھوسہ ان کے ساتھ بیٹھے رہے۔نیب اہلکار نے سابق صدر سے کہا سر چلیں، اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ اُدھر جاکر بھی کیا کرنا ہے، اِدھر ہی بیٹھتے ہیں ہوائیں چل رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *