حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر کردیا

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

رمضان میں دفاتر صبح 10 سے شام 4 تک کھلے ہوں گے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے تک اضافے کی سفارش کی گئی تھی جس پر کابینہ میں غور ہوا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے معاملے کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوادیا اور اس پر فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پٹرول کی قیمتوں پر تفصیلی بحث کی گئی۔ وزراء کی اکثریت نے قیمتوں میں مزید اضافہ کو پریشان کن قرار دیا تاہم چند وزرا نے قیمتوں میں اضافے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سارا بوجھ حکومت نہیں اٹھا سکتی۔ رائے منقسم ہونے کے باعث اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا گیا۔کابینہ اجلاس میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے دورمیں ارسال کی گئی دونوں سمریاں واپس لے لی گئیں جن میں پریس کونسل کے چیئرمین و ارکان کی تعیناتی اور ڈی جی ریڈیو کی تقرری کی سمری شامل تھی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی اور مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس بریفنگ میں کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان میں دفتری اوقات کار صبح 10 سے شام 4 بجے کیے گئے ہیں، دیوانی مقدموں کو ڈیڑھ سے 2 سال میں نمٹانے کیلئے قانون سازی کی جائےگی، بچوں سے زیادتی پر سخت سزا کا قانون لارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت سرکلرڈیٹ چھوڑ کر گئی۔ اگلی کابینہ میٹنگ میں سرکلرڈیٹ بارے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ 1300 ارب کے سرکلرڈیٹ کا آڈٹ ہوگا۔ موجودہ حکومت نے اب تک 100 ارب کی بچت کی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ چین کیساتھ ایم ایل ون، زراعت اور غربت کے خاتمے سے متعلق معاہدے کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کے قیام اور ملک کی 52 فیصد پر مشتمل خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق بل لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دیوانی مقدمات کے حوالے سے بل پارلیمنٹ میں لایا جا رہا ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دے گی جس کے لیے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ موخر کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے قیمتوں میں اضافے کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھیج دیا ہے۔
وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، بیرونی اور اندرونی قوتوں نے مہمند ڈیم کو بھی کالاباغ بنانےکی کوشش کی جسے ہم نے ناکام بنادیا۔
پشتون تحفظ موومنٹ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کا ہر نوجوان پی ٹی ایم نہیں ہے، پی ٹی ایم میں ایسے عناصر گھس گئے ہیں جنہوں نے بیرونی آقاؤں کی آشیرباد سے قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *