چھٹی کے روز عدالتی سماعت سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) نواز شریف کی ہفتے کے روز درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد عام سائلین کے لیے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھول دیا گیا،عام سائلین بھی چھٹی کے روز عدالت سے فوری نوعیت کے کیسز میں رجوع کرسکیں گے۔چھٹی کے روز عدالتی سماعت سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ سامنے آیاہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اب دفتری اوقات کے علاوہ بھی ایمرجنسی کیسز سنے جائیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفتری اوقات کے بعد عام سائلین کے فوری نوعیت کے کیسز کے لیے 6 افسران کا تقرر کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مجاز افسران دفتری اوقات کے بعد بھی عام سائلین کی سہولت کے لیے دستیاب ہوں گے اور ہنگامی صورت میں ایڈیشنل رجسٹرار نوٹیفکیشن پر دیئے نمبر پر ہر وقت دستیاب ہوں گے۔
مجاز افسران میں ڈپٹی رجسٹرار سلطان محمود، اسسٹنٹ رجسٹرار محمد اسد، اسٹنٹ رجسٹرار شیخ روہان، اسسٹنٹ رجسٹرار محمد عرفان، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد ندیم اور ارباب محمد امجد شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قیدی کی جان کو شدید خطرہ ہونے پر دفتری اوقات کے علاوہ بھی سماعت کی جائے گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسا کیس جس پر چیف جسٹس مطمئن ہوں کہ فوری نوعیت کا ہے وہ بھی چھٹی کے روز سنا جائے گا۔عدالت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو نوٹیفکیشن کی کاپی ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *