پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، افتتاحی میچ کراچی میں ہوگا

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان سپر لیگ 2020 کا آغاز 20 فروری کو کراچی اور اختتام 22 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔پاکستان سپر لیگ 2020 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری کو کراچی اور اختتام 22 مارچ کو لاہور میں ہوگا، پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں ہوں گے جب کہ ایونٹ میں 22 ملکوں کے 425 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے آغاز سے 50دن قبل لیگ کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے تحت ایونٹ کا افتتاحی میچ 20فروری کو کراچی جبکہ فائنل 22مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ سیزن کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ اس کے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔اس سلسلے میں پی سی بی نے اس دن کی مناسبت سے پاکستان کرکٹ کے گڑھ قذافی اسٹیڈیم کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن گھڑی بھی لگا دی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے اس ایڈیشن کا پہلا میچ دفاعی چمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنیٹرز اور فائنل کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے حصے میں آئے گی۔
پی ایس ایل کے 34 میچوں میں سے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 14، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 9، راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 8 اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 3 میچوں کی میزبانی کرے گا۔شیڈول کے مطابق دفاعی چمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی جبکہ پشاور زلمی اس ایڈیشن میں اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 کراچی جبکہ ایک، ایک میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔پی ایس ایل 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی جبکہ کراچی کنگز اپنے ہوم گراؤنڈ کراچی میں 5 جبکہ 2، دو میچز لاہور اور راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ ایک، ایک راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔اسی طرح لاہور قلندرز کی ٹیم اس معاملے میں سب سے خوش قسمت ثابت ہوئی ہے اور وہ اپنے 8 میچز ہوم گراؤنڈ یعنی قذافی اسٹیڈیم جبکہ ایک، ایک میچ کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی لیگ ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہئیں، گزشتہ ایڈیشن کے اختتام پر ہم نے پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہورہا ہے۔احسان مانی نے اپے پیغام میں مزید کہا کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا انعقاد ملک میں موجود کرکٹ کے مداحوں کو طویل انتظار کے بعد اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا اور ہمیں امید ہے کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی ہر پاکستانی اسٹیڈیم کا رخ کرکے اس ایونٹ کے انعقاد کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کو مکمل طور پر پاکستان لانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور مدد کرنے پر مقامی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *