مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے بیٹے عبداللہ مرسی انتقال کرگئے

قاہرہ: (پاکستان فوکس آن لائن) مصر کے سابق صدر محمد مرسی مرحوم کے سب سے چھوٹے بیٹے عبداللہ مرسی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سابق صدر محمد مرسی کے بیٹے عبداللہ مرسی کی عمر 25 سال کے لگ بھگ تھی، انہیں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مرسی خاندان کے وکیل عبدالمنیم عبدالمقصود نے بتایا کہ عبداللہ مرسی کو اس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ گاڑی چلا رہے تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مرسی کے بیٹے کے ساتھ گاڑی میں ان کا ایک دوست بھی موجود تھا جو چلتی گاڑی روکنے میں کامیاب ہوا اور عبداللہ مرسی کو ہسپتال پہنچایا۔
مرسی فیملی کی جانب سے بھی عبداللہ مرسی کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عبداللہ مرسی اپنے والد کی اچانک موت کے بعد سے کئی طبی مسائل کا شکار تھے اور ان کی موت کار ڈرائیونگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
واضح رہے کہ محمد مرسی مصر کے پہلے منتخب صدر تھے، انہیں 2013 میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد گرفتار کرلیا گیا اور وہ جب سے ہی قید میں تھے لیکن رواں سال 17 جون کو عدالت میں دوران ٹرائل ان کی اچانک موت واقع ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *