وزیر اعظم عمران خان کی چینی ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

بیجنگ: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ چین کے دوران دوست ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و فوجی قیادت اور کاروباری اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کا دو روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ عمران خان کا بیجنگ کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، انہیں گارڈ آف آنردیا گیا اور وزیراعظم نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ عمران خان اور ان کے چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے چین میں لوہے اور اسٹیل کی صنعت کے بڑے ’چائنا میٹالرجیکل گروپ‘ کے چیئرمین گوونکنگ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے اورینٹ ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین بورڈ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسروبختیار،شیخ رشید،عبدالرزاق دائود بھی موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان باقاعدگی سے رابطوں کی روایت کا حصہ ہے، دونوں ممالک کے سربراہان باہمی دلچسپی، دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشاورت کرتے ہیں۔
وزیراعظم علاقائی ڈیولپمنٹ، جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے، 5 اگست کے بعد سے پیدا ہونے والی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی، سرمایہ کاری اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد سے آگاہ کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *