نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب کی ٹیم نے آصف زرداری کو گرفتار کرلیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچی جہاں آصف زرداری کے وکلاء نے نیب کی ٹیم سے عدالت کی جانب سے گرفتاری کے احکامات طلب کیے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ آصف زرداری کو نیب کی گاڑی میں ہی نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کیا جائے گا جہاں ان کا طبی معائنہ کرایا جائے گا جب کہ کل انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔زرداری ہاؤس کو چاروں طرف سے پولیس کی بھاری نفری نے گھیر رکھا ہے اور اس کے اطراف بھاری تعداد میں اہلکار تعینات ہیں، پولیس نے زرداری ہاؤس کے اطراف راستے سیل کردیے اور مرکزی سڑک بھی سیل کردی گئی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں نامزد آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو فوری گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آصف زرداری کے رکن پارلیمنٹ ہونے کے سبب نیب کو ان کی گرفتاری سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کرنا ضروری ہے جس کے لیے نیب کی ایک ٹیم پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی تھی جس نے اسپیکر کو آصف زرداری کے وارنٹ کے بارے میں مطلع کیا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب نے آصف زرداری کی گرفتاری کے لیے وزارت داخلہ سے بھی مدد مانگی ہے اور اس سلسلے میں سیکریٹری داخلہ کو خط لکھا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *