خرید وفروخت کیلئے شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں ہوگی، وزیراعظم

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے خرید و فروخت پر شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے سے انکار کردیا۔وزیر اعظم نے کراچی میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معیشت کا اہم حصہ ہے اسے ساتھ لے کر چلیں گے، حکومت آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے، مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے، معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے تمام فریقوں کو ساتھ دینا ہوگا۔وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں تاجروں اور آٹوموٹوو سیکٹر کے وفد نے ملاقات کی جس میں سراج قاسم تیلی، جنید اسماعیل مکدہ، زبیر موتی والا اوردیگر بھی موجود تھے جب کہ حکومتی ٹیم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ سید زبیر حیدر گیلانی، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، مشیر اصلاحات عشرت حسین، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، وزیر بحری امور علی زیدی اور وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاری منصوبوں کے لیے وفاق اپنا تعاون جاری رکھے گا، کاروباری برادری پارٹنر بن کر حکومت کے ساتھ کام کرے، ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے جس میں آپ کی مدد چاہیے، اب ملکی معیشت پرانے طریقہ کار کے تحت نہیں چلائی جاسکتی۔
تاجروں نے خرید و فروخت کے لئے شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ کیا تاہم وزیراعظم نے شرط ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب کاروبار پرانے طریقے سے نہیں چلے گا، یہ زیادتی ہے کہ 50 ہزار سے بڑی خریداری پر شناختی کارڈ نہ دیا جائے،وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بھی تاجروں کو مراعات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے کہہ رہا ہوں شناختی کارڈ شرط ختم نہیں ہوگی، تاجر صنعت کار شناختی کارڈ دینے سے کیوں گریز کررہے ہیں، ٹیکس سب کو دینا ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ٹیکسٹائل کی مقامی صنعت پر بھی ٹیکس دینا ہوگا، ٹیکسٹائل کی صنعت کے ساتھ الگ سے بات چیت کرر ہے ہیں، ایکسپورٹ کو کس طرح صفر ٹیکس کیا جائے اس پر بات چیت ہوسکتی ہے۔
اس موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے آنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ کے مسائل حل کروں، میری پوری معاشی ٹیم یہاں موجود ہے تاکہ مسائل کا فوری حل نکالا جائے، ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے جس میں آپ کی مدد چاہیے، کاروباری برادری پارٹنر بن کر حکومت کے ساتھ کام کرے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت اب پرانے طریقہ کار کے مطابق نہیں چلائی جاسکتی، معاشی عمل کو تیز کرنے کے لیئے تاجر اور صنعتکار حکومت کی مدد کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *