ترکی میں مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے نغمہ ریلیز

میرا نام کشمیر کے نام انگریزی زبان میں جاری کیا گانا دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا

ترکی میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نغمہ ریلیز کردیا گیا۔ ‘ میرا نام کشمیر ہے کے نام سے یہ نغمہ انگریزی زبان میں دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا ہے جس کی ویڈیو میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کو آزادی مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر یہ نغمہ تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
یہ نغمہ ترکی کے نغمہ نگار اور موسیقار ترگے ایورین نے لکھا ہے اور اس کی موسیقی بھی انہوں نے ترتیب دی ہے جب کہ اس نغمے کو حال ہی میں اسلام قبول کرنے والی معروف امریکی گلوکارہ ڈیلا مائلز نے گایا ہے۔ ترک نغمہ نگار اور موسیقار ترگے ایورین کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ آزادی سے محروم دنیا بھر کے مظلوم عوام کے لیے ہے ۔نغمے کی ویڈیو میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہد اور پاکستان سے محبت کی عکاسی کی گئی ہے۔
گانے کو سب سے پہلے ٹوئٹر پر ترک رکن پارلیمنٹ اور حکمران جماعت کے سیاستدان عزیز ببوشو نے شیئر کیا تھا، جس کے بعد گانا دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر ریلیز کیا گیا مذکورہ گانا اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد گانا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس نغمے کو تیزی سے شیئر کیا جارہا ہے اور مظلوم کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھانے پر ترک موسیقار کی تعریف کی جارہی ہے اور سب کا شکریہ ادا کیا جارہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *