ترک صدر کا پاکستان کیساتھ کاروباری حجم پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

پاکستان کے لئے ترک ویزوں میں آسانی پیدا کریں گے، ترک صدر

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاک ترک تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کردیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے ترک ویزوں میں آسانی پیدا کریں گے۔
اسلام آباد میں پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ توقع ہے پاکستانی حکومت سے ہونے والی ملاقاتیں مفید ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک تجارت کو پہلے مرحلے میں 1 ارب ڈالر جبکہ دوسرے مرحلے میں 5 ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں ، پاکستان کو اپنا دوسر ا گھر سمجھتاہوں ، ترکی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے پاکستان آ کر بے حد خوشی ہوئی ہے ، پاکستان کے ساتھ مختلف سطح پر تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔
ترک صدر نے کہا کہ معاشی اور تجارتی حملوں کے باوجود ترکی استحکام کی جانب گامزن ہے ، سیاحت میں 35بلین ڈالرز تک اپنا ریونیو بڑھایا ہے ،ترکش ایئر لائنز کو 136 ممالک تک رسائی ہے ، ترکی کو بھی معاشی مشکلات کاسامنا تھا، تمام ترمشکلات کے باوجود ترقی کاسفر جاری ہے، ترک حکومت کے اقدامات سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، عز م وہمت سے مشکلات پرقابو پایا۔
ان کا کہناتھا کہ ترک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھاناچاہتی ہیں،عمران خان کی زیرقیادت بزنس میں آسانی کیلئے اقدامات کیے گئے، پاکستان سرمایہ کاری کیلئے آسانیاں پیداکررہاہے، ترکی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیاہے، پاکستان ترکی کے تجربات سے فائدہ اٹھائے۔ترک صدر کا کہناتھا کہ ترکی پرسرکاری قرض 72 سے کم کرکے 32 فیصد پرلائے ہیں۔
بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستانی اور ترک کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور دونوں ملک کئی شعبوں میں ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترک سرمایہ کاروں کو آئی ٹی،زراعت اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے، ہم آئی ٹی کے شعبے میں بھی ترکی کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحت ہماری ترجیح ہے، میں نے کئی مرتبہ ترکی کا دورہ کیا اور جس طرح ترک سیاحتی صنعت نے ترقی کی، وہ پاکستان کے لیے مشعل راہ بن سکتے ہیں۔دنیا کے اہم اداروں نے کہا ہے کہ 2020 میں پاکستان دنیا کا اوالین سیاحتی مرکز بن سکتا ہے، ہمارے پاس انفرا اسٹرکچر کی کمی ہے اور ہمیں اس سلسلے میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کی سب سے زیادہ نوجوان آبادی ہے اور اس میں بھی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔وزیر اعظم کا مزید کہناتھا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ طیب اردوان انتہائی آسانی سے پاکستان میں اگلا الیکشن جیت سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *