اسمارٹ لاک ڈاؤن،کراچی، لاہور، اسلام آباد میں درجنوں علاقے سیل کرنے کا فیصلہ

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے زیادہ کیسز والے متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کی کارروائی شروع

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے تحت زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر سربراہی اجلاس ہوا جس میں زیادہ کیسز والے تمام علاقوں کو سیل کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ شہر کے 55مقامات کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کی حتمی فہرست چیف سیکرٹری پنجاب کو پیش کردی گئی ہے۔انتظامیہ نے کورونا ہاٹ اسپاٹس کو سیل کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے جو آج رات بارہ بجے تک مکمل کردی گئی جائے گی۔
ادھر کراچی میں ضلع غربی میں بلدیہ اور سائٹ کے علاقوں میں دو یونین کونسل (یوسیز) کو سربمہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی کے مطابق محکمہ صحت کی موصولہ رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے 15 سے زائد مختلف علاقوں کو سربمہر کیا جاسکتا ہے۔ضلعی ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ویسٹ نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 16 یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے بتایا کہ مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے سائٹ پہلے اور بلدیہ ٹاؤن دوسرے نمبر پر ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت ‏اسلام آباد کی انتظامیہ نے تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز کی وجہ سے 2 سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکٹر آئی ایٹ میں ایک دن میں کورونا کے دو سو کیس اور سیکٹر آئی -10 میں چار سو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ان علاقوں کو سیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہو سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *