اینٹی نارکوٹس فورس نے رانا ثناءاللہ کو حراست میں لے لیا

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر فیصل آباد سے لاہور جا رہے تھے کہ ایے این ایف نے سکھیکی کے قریب سے انہیں حراست میں لے لیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو منشیات فروش لوگوں سے روابط کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے اس حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض افراد منشیات کا بزنس کرتے تھے جن کا تعلق رانا ثنا اللہ کے ساتھ تھا۔ ان منشیات کا بزنس کرنے والوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا۔اے این ایف ذرائع نے کہا ہے کہ ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرکے ان سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔ ادھر ن لیگ کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کا آخری بار رابطہ عطا تارڑ سے ہوا، انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے لاہور اجلاس کے لئے روانہ ہو رہے ہیں، انھیں سکھیکی کے قریب اے این ایف نے حراست میں لیا۔لیگی رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ سے رابطہ نہیں ہو رہا اور نہ ہی کوئی معلومات دے رہا ہے، انہوں نے آج اہم اجلاس کی صدارت کرنا تھی۔اے این ایف ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ پر باضابطہ گرفتاری ڈال دی گئی ہے، ان پر الزامات کی چارج شیٹ جلد جاری کر دی جائے گی۔ سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کیساتھ موجود ان کے سیکیورٹی گارڈ کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *