وزیراعظم نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 800 میگا واٹ بجلی ملے گی

پشاور: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے 800 میگاواٹ کے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس کے مقام پر واقع مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔منظور شدہ پی سی ون کے مطابق مہمند ڈیم 5 سال 8 ماہ میں مکمل ہو گا،پشاور سے 37 کلو میٹر شمال کی جانب ضلع مہمند میں واقع مہمند ڈیم میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 93 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جس کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ڈیم کی تعمیر کے لیے مجموعی لاگت 291 ارب روپے ہے، جس کی اونچائی 213 میٹر یعنی 698.82 فٹ بلند ہوگی جس سے یومیہ 800 میگا واٹ اور سالانہ 2862 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ڈیم سے دائیں اور بائیں جانب نکلنے والے نہری نظام سے ضلع مہمند کی مجموعی طور پر 16 ہزار 667 ایکڑ بنجر زمین کاشت کے قابل ہو سکے گی۔ڈیم کی تعمیر سے ضلع چار سدہ اور نوشہرہ کے زیادہ تر علاقے موسمی سیلاب سے محفوظ ہو جائیں گے۔ دریائے سوات پر بنائے جانے والے ڈیم سے ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ زمین کو پانی ملے گا اور 16 ہزار ایکڑ اضافی زمین کو بھی زیر کاشت لایا جائے گا۔ پشاور کے شہریوں کو 30 کروڑ گیلن پانی میسر ہو گا اور اس سے 52 ارب روپے سالانہ فائدہ ہوگا، ذرائع کے مطابق سی جی جی سی اور ڈیسکون کمپنی کا جوائنٹ وینچر اس منصوبے کو مکمل کرے گا۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمیں بیرونی طاقتوں سے زیادہ اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے، کالا باغ ڈیم پر بھی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکا، ماضی کے حکمرانوں نے سیاسی مفاد کیلئے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا۔ انہوں نے کہا پروپیگنڈا کیا گیا سابق چیف جسٹس کے ڈیم فنڈز سے مجھے مسئلہ ہے، مجھے ڈیم فنڈز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم بغیر کسی ڈر اور خوف کے ملکی مفاد میں کام کر رہے ہیں، پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے والے ہمیں ملک چلانے کا درس دیتے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ کرپشن کا بادشاہ لندن کی سڑکوں پر بیٹھا نظر آتا ہے، احساس پروگرام کے ذریعے نوکریاں دینے کا آغاز کر رہے ہیں، ایک ارسطو اسمبلی میں ہمیں بتاتا ہے کہ حکومت کیسے چلائیں گے، درس دینے والوں کیلئے ڈیم کیساتھ پر آسائش جیل بھی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا عوام نے ہمیں لوٹی ہوئی ملکی دولت واپس لانے کیلئےووٹ دیا، دشمن قوتوں نے ملک کو بنجر بنانے کی پوری کوشش کی، ہم نے کراچی کے غنڈے کی آواز بند کی، احتساب کا عمل کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے۔

 

ڈیم کے حوالے سے اپنا فرض ادا کیا کوئی احسان نہیں کیا

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے ڈیم کے لیے زمین فراہم کرنے پرمقامی افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم کے لیے اپنی زمین دینے سے بڑی قربانی کوئی نہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا کام نہیں ہے کہ وہ ملک میں ڈیم کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے لیکن میاں ثاقب نثار نے حکمرانوں کی عدم توجہ کی وجہ سے یہ اقدامات اٹھائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *