یونیورسٹی کی طالبہ مس وینزویلا منتخب

وینزویلا میں ہونے والے سالانہ خوبصورتی کے مقابلے میں یونیورسٹی کی طالبہ نے ملک کی دیگر 23 اُمیدوار لڑکیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’مس وینزویلا‘ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔’مس وینزویلا‘ کا فائنل مقابلہ مقامی وقت کے مطابق یکم اگست کو رات دیر گئے تک جاری رہا، جس میں 20 سالہ طالبہ نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ’مس وینزویلا‘ کا مقابلہ گزشتہ چند دن سے جاری تھا اور یکم اگست کو اس کا فائنل ہوا۔فائنل میں یونیورسٹی کی طالبہ، 20 سالہ تھالیا اولوینو نے ملک کی دیگر ریاستوں سے آنے والی دوشیزاؤں کو پیچھے چھوڑ دیا۔مس وینزویلا منتخب ہونے والی تھالیا اولوینو کا تعلق وینزویلا کی ریاست دیلتا اماکورا سے تھا۔
مس وینزویلا کے فائنل مقابلے میں 24 لڑکیوں میں سے مجموعی طور پر 5 لڑکیوں کو منتقل کیا جاتا ہے، جس میں سے ایک لڑکی کو ’مس وینزویلا‘ قرار دیا جاتا ہے۔فائنل راؤنڈ میں منتخب ہونے والی باقی تین دوشیزاؤں میں سے ایک کو ’مس انٹرنیشنل‘ اور باقی تین کو ’مس وینزویلا‘ کا رنر اپ قرار دیا جاتا ہے۔اس مرتبہ ’مس وینزویلا‘ کے مقابلے میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ مقابلے میں شریک لڑکیوں کے جسمانی خدوخال کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ماضی میں ’مس وینزویلا‘ کے مقابلے میں حصہ لینے والی دوشیزاؤں کے جسمانی خدوخال سے متعلق اس وقت اعلان کیا جاتا تھا، جب وہ اسٹیج پر ناظرین کے سامنے آتی تھیں۔انتظامیہ کی جانب سے مقابلے میں شریک لڑکیوں کے کمر اور چھاتی سمیت دیگر جسمانی خدوخال کا اعلان کیا جاتا تھا، جس پر کئی سماجی تنظیمیں چند سال سے انتظامیہ پر تنقید کرتی آ رہی تھیں۔سماجی تنظیموں کی شدید تنقید کے بعد ’مس وینزویلا‘ کا مقابلہ منعقد کرنے والی انتظامیہ نے فائنل سے قبل شریک دوشیزاؤں کی جسامت کا اعلان نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *