کراچی کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گر گئی، ایک شخص جاں بحق

متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے،امدادی کارروائیاں جاری

کراچی : (پاکستان فوکس آن لائن)کراچی کے قدیم علاقے لیاری کھڈہ مارکیٹ میں مخدوش قرار دی گئی کثیر المنزلہ عمارت دوسری بلڈنگ پر گر گئی، ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ہےجب کہ درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق لیاری کے گنجان آباد علاقے کھڈہ مارکیٹ میں واقع 5 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی ہے۔ عمارت کے ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سندھ رینجرز، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری متاثرہ مقام پر پہنچ گئی ہے۔
اب تک ملبے سے ایک شخص کی لاش کو نکال لیا گیا ہے جب کہ 8 زخمیوں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت صبح سے ہی ہل رہی تھی اور بعد میں ایک جانب جھک گئی، گرنے والی عمارت 25 سے 30 سال پرانی تھی، مخدوش عمارت سے کچھ لوگ بحفاظت نکل گئے تھے اور بعض افراد سامان نکال رہے تھے۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ایک ماہ قبل بلڈنگ کو خطرناک قرار دیا تھا، ایس بی سی اے کی جانب سے مخدوش قرار دیے جانے کے باوجود لوگ رہائش پذیر تھے۔جائے حادثہ پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، متعلقہ تھانے کی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ملبے تلے دبے افراد کونکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *