کورونا کے باعث اپریل کے آخر تک اسپتالوں پر بہت دباؤ ہوگا، وزیراعظم

چودہ اپریل کے بعد صوبے فیصلہ کریں گے کہ لاک ڈاؤن میں کہاں نرمی کرنی ہے، وزیراعظم

کوئٹہ: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم نے کہا ہے کورونا کی وجہ سے جو صورتحال پیدا ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی، کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کو اب ختم کیا جا رہا ہے، کورونا کیخلاف صوبائی اور وفاقی حکومت رابطے میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث اپریل کے آخر تک ہمارے اسپتالوں پر بہت دباؤ ہوگا۔ دورہ کوئٹہ کے موقع پر ایک تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے اکیلے کوئی نہیں لڑسکتا، پوری قوم کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، کورونا سے اکیلے نہ وفاقی حکومت لڑسکتی ہے اور نہ صوبائی حکومت، مختلف ممالک میں اب لاک ڈاؤن کو ختم کیا جارہا ہے تاہم صوبے بتائیں گے کہ لاک ڈاؤن مرحلہ وار کیسے ختم کریں گے، 14 اپریل کے بعد صوبے فیصلہ کریں گے کہ لاک ڈاؤن میں کہاں نرمی کرنی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپریل کے آخر تک اسپتالوں پر بہت زیادہ دباؤ ہوگا، ہم اندازہ لگارہے ہیں کہ اپریل کے آخر تک کورونا کا بہت پریشر ہوگا، ہم امریکا، یورپ، چین اور دیگر ممالک میں کورونا کی صورتحال دیکھ رہے ہیں، چین نے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا اس کے تجربے سے فائدہ اٹھا رہےہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت کورونا کا کوئی مریض انتہائی نگہداشت میں نہیں، بلوچستان میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنا آسان ہے جب کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بلوچستان زیادہ متاثر ہوسکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *