ایم کیو ایم نے خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ واپس لینے کی تردید کر دی

وزیراعظم سے خالد مقبول صدیقی کی ملاقات، ایم کیو ایم کے تحفظات پر بات چیت

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ نے خالد مقبول صدیقی کا استعفی واپس لینے کی تردید کر دی، مطالبات کی منظوری تک استعفی واپس نہ لینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ایم کیو ایم کنور نوید جمیل نے خالد مقبول صدیقی کا استعفی واپس لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول نے استعفی واپس نہیں لیا،مطالبات پورے ہونے تک استعفی واپس نہیں لیں گے۔ تاہم آج وزیراعظم عمران خان سے خالد مقبول صدیقی کی ملاقات کے بعد استعفی واپس لینے کی خبریں زیر گردش تھیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم کے تحفظات اور مطالبات پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی سمیت وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور سندھ کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے تحفظات اور مطالبات پر بھی بات چیت کی گئی جب کہ وزیراعظم نے ایم کیو ایم کی جانب سے بتائے گئے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *