حکومت کا مریم نواز کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)حکومت نے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو بیرون ملک جانے سے ہر صورت روکنے کیلئے کمر کس لی، ایک اور کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت خطے کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستانی مؤقف پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی جس کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔لاہور ہائیکورٹ مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے اور نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست 15 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر بھی کرچکی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *