پاکستان روایتی حریف بھارت کو ہرا کر کبڈی کا عالمی چیمپئن بن گیا

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن)کبڈی ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان اور بھارت کا زور کا جوڑ پڑا، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے41 کے مقابلے میں43 پوائنٹس سے شکست دی۔پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ فائنل کا ٹاس جیتا تھا۔ دونوں ٹیمیں پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئیں۔ یہ سنسنی خیز میچ دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد پنجاب اسٹیڈیم میں موجود تھی۔گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی شائقین کیساتھ گرائونڈ میں بیٹھ کر میچ دیکھا۔کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل جیتتے ہی پاکستانی کھلاڑیوں نے بھنگڑے ڈالنا شروع کر دیے۔ شائقین نے کھلاڑیوں کو خوشی میں اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔ اس موقع پر پورا اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن بھارت نے آسٹریلیا کو ٹف مقابلے کے بعد بیالیس، بتیس سے پچھاڑ دیا تھا۔ دوسرے میچ میں میزبان پاکستان نے ایران کو تیس کے مقابلے میں باون پوائنٹس سے ہرا کر آئوٹ کیا۔کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے سیکورٹی کا سخت انتظام دیا گیا تھا۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی پر مامور تھے، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹیم روٹ اور اسٹیڈیم کی کڑی نگرانی کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *