وزیر اعظم کا صحافی سمیع ابراہیم کو فون، تھپڑ کے واقعے پر اظہار افسوس

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے صحافی اور اینکر پرسن سمیع ابراہیم کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کا نوٹس لے لیا۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے صحافی سمیع ابراہیم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور فیصل آباد میں پیش آنے والے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کسی ایسے انفرادی فعل کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی جس میں دانستہ یا غیر دانستہ طور پر کسی کی عزت نفس مجروح ہو اور کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔
بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت اور میڈیا جمہوری عمل کے 2 لازم و ملزوم جزو ہیں، نقطہ نظر کے اختلاف کو ذاتی اختلافات کی حد تک لے جانا کسی صورت مناسب نہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اس طرح کی خبریں سامنے آئیں تھیں کہ فیصل آباد میں ایک تقریب کے دوران وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے صحافی سمیع ابراہیم کو تھپڑ دے مارا۔اس سلسلے میں سمیع ابراہیم نے فیصل آباد کے تھانے منصور آباد میں فواد چوہدری کے خلاف شادی کی تقریب کے دوران تھپڑ مارنے کی شکایت درج کرائی تھی، جس میں لکھا تھا کہ فواد چوہدری نے انہیں تھپڑ مارا اور گالیاں دیں۔درج کی گئی شکایت میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انہیں دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔
تاہم اس معاملے پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس واقعے کو 2 اداروں میں تصادم سمجھنے کے بجائے 2 اشخاص کے درمیان تنازع تصور کرنا چاہیے۔وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ’ ’ایک شخص نے دوسرے شخص کی عزت نفس کو مجروح کرنے کی کوشش کی تو متاثر ہونے والے شخص نے اس کا ردعمل دیا، کسی محب وطن پاکستانی اور حکومتی عہدیدار کو بھارتی خفیہ ادارے ‘’’را‘‘یا یہودیوں کا ایجنٹ کہنا اخلاقی اور صحافتی اقدار کے منافی ہے‘‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *