حکومت نے منفی 10 ڈگری میں ٹھٹھرتے بچے کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا

بچے کی تصویر اورویڈیو نے درد دل رکھنے والے ہر شخص کو افسردہ کردیا تھا

کوئٹہ: (پاکستان فوکس آن لائن)بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں منفی 10 ڈگری میں سردی سے ٹھٹھرتے بچے کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں منفی 10 ڈگری میں سردی سے ٹھٹھرتے بچے کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے بچے کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کے دیگر بچوں کے حوالے سے بھی قانون سازی کی طرف پیش قدمی کررہے ہیں۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کےشمالی مغربی علاقے مسلسل شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ،خون جما دینے والی سردی نے ویسے تو ہرشخص کو متاثر کیا ہے مگر بچوں اور خاص طور پر وہ جو گھریلو حالات کی وجہ سے یخ بستہ موسم میں بھی مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ان کی حالت دیدنی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کوئٹہ کے ایک کم سن بچے کی تصویر اورویڈیو نے درد دل رکھنے والے ہر شخص کو افسردہ کردیا تھا۔ تصویر میں ایک بچے کو کوئٹہ کےشدید سردموسم میں فٹ پاتھ پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے، اس کے سامنے جوتے پالش کرنے کے برش اور سامان رکھا ہوا ہے، یہ بتانےکی ضرورت نہیں کہ بچہ کس مجبوری کی وجہ سے موسم اور حالات کی سختی جھیلنے پر مجبور تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *