وفاقی پولیس کے ناکوں پر تعینات اہلکاروں کی یونیفارم میں کیمرے نصب

 

 

اب شہریوں سے گفتگو ریکارڈ ہوگی، پولیس اہلکاروں کی یونیفارم پر کیمرے لگ گئے

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) اسلام آباد کو کرائم فری سٹی بنانے کی جانب حکومت کا اہم قدم، وفاقی پولیس کے ناکوں پر تعینات اہلکاروں کی یونیفارم میں کیمرے نصب کر دیئے، آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ بھی رکھنے کا انتظام کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے یونیفارم میں نصب کیمروں کا استعمال شروع کردیا۔گزشتہ برس اسلام آباد پولیس کے یونیفارم پر ویڈیو کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے لیے اہلکاروں کو ٹریننگ بھی دی گئی۔
اسی سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار نے ملاقات کی اور اسلام آباد پولیس اہلکاروں کی وردی میں نصب کیمرے کے بارے میں بریفنگ دی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ناکے پر موجود اہلکاوں نے ٹریننگ کے بعد کیمروں کا استعمال شروع کردیا ہے جس سے شہریوں اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کے درمیان گفتگو ریکارڈ ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ وردی پر نصب کیمرے اندھیرے میں بھی ویڈیو بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں لہٰذا اس سے بنی ویڈیو کا ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر زونل ایس پی کے دفتر میں محفوظ رکھا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ ضلع بھر کے تمام ناکوں پر یہ کیمرے جلد فراہم کردیے جائیں گے، ممکن ہے کیمرے نصب کرنے سے شہریوں کی طرف سے شکایات کا ازالہ کیا جاسکے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *