کورونا وبا،اسلام آباد کے مزید علاقے سیل کرنے کی تیاری، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) اسلام آباد کے مزید علاقے سیل کرنے کی تیاری کر لی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق غوری ٹاؤن کے علاقوں کی نو روز تک نگرانی کی گئی اور کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافے کے بعد لاک ڈاون کیا گیا۔ غوری ٹاون کے علاوہ جی سکس ون، جی سکس ٹو، جی سیون ٹو اور جی ٹین فور بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ان علاقوں میں گزشتہ چند دنوں میں 40 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق شہریوں کو اشیائے خور و نوش جمع کرنے کے لیے وقت دیا گیا۔ اس سے پہلے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ، آئی ٹین، جی نائن اور کراچی کمپنی مرکز کو بھی سیل کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 85 ہزار 34 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 105 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 695 ہوگئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *