بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل، پاکستان کی شدید مذمت

عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم سے روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان نے قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی روز میں 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نام نہاد انسداد در اندازی آپریشن کے نام پر کشمیریوں کا جعلی مقابلوں میں قتل کیا جا رہا ہے۔ قابض بھارتی فورسز نے ایک روز میں 13 معصوم کشمیریوں کو قتل کیا۔بیان میں بھارتی مظالم پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کورونا وائرس سے نبرد آزما ہے تو دوسری جانب بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بڑھا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں کا قتل بھارت کے انسانیت سوز مظالم اور جرائم کا مظہر ہے۔ بھارتی حکام اپنے جرائم چھپانے کیلئے کشمیری مزاحمت کاروں کی تربیت اور در اندازی کے الزام لگا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس اور حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) اپنے اقدامات کی وجہ سے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی۔دفتر خارجہ کی جانب سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت جان لے کہ اس کے مظالم کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ پاکستان مخالف پراپیگنڈہ بھارتی ریاستی دہشتگردی سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کرتے ہوئے ایک ہی روز میں 13 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض اور ظالم بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کے علاقے میندر میں اور ضلع پونچھ کے مختلف گاؤں میں دس نوجوانوں کو شہید کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *