سندھ حکومت کا تمام تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)سندھ حکومت نے کل سے 13 مارچ تک سرکاری اورنجی اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کل سے 13 مارچ تک سرکاری اورنجی اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سندھ حکومت نے جمعرات 27 فروری سے 2 مارچ تک صوبے کے تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب تعطیلات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے کے نجی و سرکاری اسکولوں سمیت تمام تعلیمی ادارے کل سے 13 مارچ تک بند رہیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات کو 13 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا جبکہ صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 16 مارچ سے کھولے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
واضح رہے گزشتہ روز کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *