رانا تنویر کی چیئرمین پی اے سی نامزدگی پر بلاول برہم

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رانا تنویر کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نامزد کرنے پر برہمی کا اظہار کر دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تبدیلی کے معاملے پر مسلم لیگ نون کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کر دیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے معاملے پر اب نون لیگ کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے۔ شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے میں پیپلز پارٹی نے اہم کردار ادا کیا تھا اور اگر مسلم لیگ نون کو رانا تنویر کا فیصلہ کرنا ہی تھا تو پہلے پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ روایت کے مطابق چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے ہونا چاہیے اور اسی روایت کو برقرار رکھنے کے لیے مسلم لیگ نون کا ساتھ دیا تھا۔چار روز قبل مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو پارلیمانی رہنما مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کو ان فیصلوں پر اعتماد میں لے چکے ہیں جبکہ شہباز شریف بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے، کچھ خاندانی مسائل اور صحت کی وجہ سے انہیں لندن جانا پڑا۔دوسری جانب لیگی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *