وفاقی کابینہ کا اجلاس ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) کی سالانہ کارکردگی رپورٹ برائے مالی سال 18-2017 پیش کی گئی اور کابینہ ارکان کو تعلیمی نظام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
بائیولوجیکل اور ٹاکسن ہتھیاروں کے کنونشن پر عمل کا بل بھی ایجنڈے کا حصہ رہا۔ کابینہ میں پٹرولیم اور پاور ڈویژن کو الگ وزارت بنانے کی قومی اسمبلی سے منظور قرارداد بھی پیش کی گئی۔
کابینہ اجلاس میں ورکرز ریکروٹمنٹ سے متعلق پاکستان سعودی عرب کے درمیان معاہدہ منظوری کے لیے پیش کیا جانا تھا۔ اقبال اکیڈمی لاہور کی گورننگ باڈی میں خزانچی کی منظوری بھی کابینہ میں زیر بحث ایجنڈے کا حصہ تھی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کونسل (ای سی سی) کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔
قبل ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں دی گئی جسے کابینہ سے منظور کیا جانا تھا تاہم کابینہ اجلاس میں منظوری سے قبل ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *