آئی ایم ایف پاکستان کو آئندہ ہفتے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر جاری کرےگا

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آئندہ ہفتے ایک ارب 40 کروڑ ڈالرز کا اضافی قرضہ دے گا۔عرب میڈیا کے مطابق پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث منفی معاشی اثرات کے پیش نظر سستے قرضے کی درخواست کی تھی جبکہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے یہ درخواست ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کے تحت کی ہے۔ آئی ایم ایف نے یہ فنڈ کورونا سے متاثرہ ممالک کے لئے قائم کیا ہے۔ ملک میں تمام صنعتیں اور کاروبار اس وقت بند ہیں۔ ایسے میں یہ رقم گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے میں استعمال ہو گی۔
پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ٹریسا ڈبن نے عرب میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے قرضے کی درخواست موصول ہوئی ہے جس کے بعد پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور کورونا وائرس کے پیش نظر معیشت پر منفی اثرات سے نمٹے کے لیے قرضہ دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چند روز قبل وفاقی کابینہ نے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دی تھی جب کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے بھی پیٹرول کی قیمت 15 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *