ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتیوں کی درگت بنانے والے عثمان خواجہ کیلئے شاندار پیغام جاری کردیا

انڈیا کیخلاف شاندار پرفارمنس، میجر جنرل آصف غفور کا عثمان خواجہ کو خراج تحسین
کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتیوں کی درگت بنانے والے پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی تحسین کی ہے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کو انڈیا کیخلاف شاندار پرفارمنس پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ’ عثمان خواجہ ایک بار پھر آپ بہت اچھا کھیلے، بہترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بنائی گئی آپ کی سنچری کی وجہ سے میچ کا پانسہ پلٹا‘۔ میجر جنرل آصف غفور نے عثمان خواجہ کو مخاطب کرکے کہا کہ گزشتہ تینوں ایک روزہ میچز میں آپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث آسٹریلین ٹیم کو سیریز جیتنے میں مدد ملی۔

یاد رہے کہ انڈیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچوں میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اگلے دونوں میچوں میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹسمن عثمان خواجہ نے زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین ٹیم کے اوسان خطا کر دیے اور سیریز آسٹریلیا کے نام کرنے میں اہم کردار ادا کیا آخری میچ میں انھوں نے 106 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی جاری تھی اور اس دوران سیریز کے تیسرے میچ میں انڈین ٹیم پلوامہ حملے کے خلاف اور اپنی فوج کے ساتھ یکجہتی کے طور پر فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اتری تھی۔ ان کا یہ اقدام موضوع بحث بن گیا تھا اور بات آئی سی سی تک پہنچی تھی۔

اس میچ میں کامیابی کے بعد بھی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں اچھی کارکردگی پر عثمان خواجہ کی تعریف کی۔ پھر چوتھے میچ میں پلیئر آف دی میچ ایشٹن ٹرنر کیساتھ ساتھ عثمان خواجہ کو ایک بار پھر اچھی کارکردگی پر شاباش دی۔

سیریز کے پانچویں اور آخری فیصلہ کن میچ ہندوستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری لیکن ان کا کوئی بھی بلے باز ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ روہت شرما کی ففٹی کے باقی ٹاپ آرڈر آسٹریلین بولنگ کے سامنے ڈھیر ہو گئی۔ 30 اوورز کے اختتام پر بھارت کے 138 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

انڈیا کی ٹیم 273 کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اپنی ہی سرزمین پر کھیلی گئی سیریز کے آخری میچ میں 237 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *