شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے: وزیر خارجہ

ریاض: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کو کم نہ کیا گیا تو یہ خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی دفتر خارجہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ملاقات بھی ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ ءخیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی باعث تشویش ہے ، اس کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے امن و استحکام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جائے ۔انہوں نے کہا پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے ۔ ہمیں تشویش ہے کہ اگر اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے بروقت اقدام نہ اٹھائے گئے تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا خوش آئند بات یہ ہے کہ ایران اور امریکہ دونوں اپنے اپنے بیانات میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے ، ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے تاکہ معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ پر امن انداز میں طے پا سکیں۔وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں اضافے سے ’افغان امن عمل‘جو اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی بحرانی کیفیت پر قابو پانے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی امن کی کاوشوں کو سراہا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے اور کوششوں کا خیر مقدم کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *