ترک صدر طیب ایردوا ن اہلخانہ اور وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، شاندار استقبال

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)ترک صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئےہیں، عمران خان نے ترک صدر کا نور خان ائیربیس پر پرتپاک استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ترک صدر طیب اردوان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، ترک خاتون اول بھی ترک صدر کے ہمراہ موجود ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کا نور خان ایئر بیس پر پر تپاک استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر اردوان کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد کے علاوہ ترکی کی صف اول کی کارپوریشنزکےسربراہ اور چیف ایگزیکٹو افسران بھی موجود ہیں۔اس دوران وزیر اعظم عمران خان اور صدر اردوان کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوگی ،جبکہ دونوں رہنما پاک ترکی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس کی صدارت کریں گے،اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ اور معاہدوں کے ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔
ترک صدر اردوان صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے،جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان 14 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ ترک صدر اور وزیر اعظم عمران خان پاک ترکی بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں برادر ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ثابت قدم رہنے والے شراکت دار رہے ہیں ، ترکی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے،وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر کی سربراہی میں پاک ترکی تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے،دونوں فریق اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہیں،صدر اردوان کا دورہ دونوں ممالک کے مابین روایتی یکجہتی اور وابستگی کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔ترک صدرکے دورے پر اسلام آباد میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *