نواز شریف واپس نہیں آئیں گےاور نہ ہی مریم نواز جائیں گی

جتنے مرضی مارچ کرلیں، عمران خان کہیں نہیں جا رہے،شیخ رشید

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نہ تو سابق وزیر اعظم نواز شریف واپس آرہے ہیں اور نہ ہی ان کی صاحبزادی مریم نواز باہر روانہ ہو رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ اپوزیشن اس حکومت کے خلاف کچھ نہیں کرنے جا رہی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ جو مرضی کرلیں وزیر اعظم عمران خان کہیں نہیں جارہے ہیں لہٰذا جو لوگ احتجاج کرنا چاہتے ہیں وہ اس پر آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سربراہی میں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کوئی مارچ نہیں کرنے جارہے ہیں۔آٹے اورچینی کے بحران کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ اس معاملے پر غلطی ہوئی ۔ان کامزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ آٹے اور چینی کے بحران کے معاملے پر متعلقہ حکام کی جانب سے غفلت برتی گئی تھی۔ ملک کی تاریخ میں کسی بھی رہنما نے کبھی بھی اپنی غلطی قبول نہیں کی۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کررہی ہے۔ کراچی سرکلر ریلوےسے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے سی آر چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور محکمہ ریلوے کراچی سرکلر ریلوے پر مل کر کام کریں گے جو دو ارب ڈالر کا منصوبہ ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت نے منصوبے کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔ شیخ رشید نے تیز گام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی۔انہوں نے مزید کہا ، “یہ سلنڈر دھماکہ تھا جس کے نتیجے میں شارٹ سرکٹ ہوئی ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *