عمر اکمل نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا کے خلاف اپیل دائر کردی

پی سی بی کے ڈسپلنری پینل نے عمراکمل کوتین سال پابندی کی سزا سنارکھی ہے

قومی کرکٹر عمر اکمل نے میچ فکسنگ کی پیشکش سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں تین سال کی پابندی کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل کو دو مختلف اوقات میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر تین سال کی پابندی کی سزا دی گئ تھی جسے عمر اکمل نے چیلنج کردیا ہے۔
عمر اکمل نے معروف قانون دان بابر اعوان کی خدمات حاصل کی ہیں اور ان کے توسط سے سزا کے خلاف اپیل دائر کی ہے جب کہ اس سے قبل عمر اکمل نے پی سی بی ڈسپلنری پینل میں اپنا کیس خود لڑا تھا اور وہ وکیل کے بغیر سماعت میں پیش ہو ئے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ عمر اکمل کی اپیل پر 15 روز کے اندر آزاد جج کا تقرر کرے گا جسے تقرری کے ایک ماہ کے اندر اپیل کا فیصلہ سنانا ہوگا۔عمر اکمل کو 17 مارچ کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ کرکٹر نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 2.4.4 کی دو مختلف اوقات میں دو مرتبہ خلاف ورزی کی ہے جس کی سزاکم از کم 6 ماہ سے تاحیات پابندی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *