اسٹاک مارکیٹ میں 667پوائنٹس کااضافہ، 33 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

ہفتہ کے پہلے کاروباری روزحصص کی مالیت میں100ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے 1.36 ارب ڈالر کی امدادی رقم وصول ہونے، وفاقی حکومت کی طرف سے کنسٹرکشن کو صنعت کا درجہ دینے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے شرح سود میں کمی اور جی 20 ممالک کی طرف سے پاکستان کے 12 ارب ڈالر سے زائد کا قرض مؤخر ہونے کے بعد ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 667.82 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ حصص کی مالیت میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس میں 667.82 پوائنٹس کی زبردست تیزی کے بعد 33 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔آج کاروبار کے دوران پہلے ہی ڈیڑھ گھنٹے کے دوران زبردست تیزی دیکھنے کو ملی جب انڈیکس 1025.71 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد انڈیکس 33857.54 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔تاہم اس دوران تیزی کے زبردست تسلسل کو بریک لگ گئی اور انڈیکس میں ایک دم مندی دیکھی گئی اور انڈیکس دوپہر بجے 33088.25 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
کاروبار کے دوران اُتار چڑھاؤ کا یہ سلسلہ جاری رہا تاہم کاروبار کے اختتام پر حصص مارکیٹ میں 667.82 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا اور انڈیکس 33499.65 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.03 فیصد بہتری دیکھی گئی اور 28 کروڑ 31 لاکھ 46 ہزار 620 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 100ارب ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *