مسئلہ کشمیر عوامی امنگوں اور بات چیت سے حل کیا جائے، اقوام متحدہ

نیویارک: (پاکستان فوکس آن لائن) اقوام متحدہ نے کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو عوامی امنگوں اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے ترجمان اسٹیفن ٹویارچ نےمسئلہ کشمیر پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل مقامی آبادی کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے جس کے لیے بات چیت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے مسئلہ کشمیر سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وادی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سفارتی سطح پر باہمی گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جائے جس میں کشمیری عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کی یقینی دہانی بھی کرائی گئی ہو۔
قبل ازیں اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے اقوام متحدہ کے نمائندوں کو وادی کا دورہ کرانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم بھارت روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو اپنے آئین کی 370 ویں شق ختم کردی تھی جس سے کشمیر کو آئین میں حاصل خصوصی حیثیت کا خاتمہ ہوگیا تھا، کسی ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے تاحال وادی میں کرفیو نافذ ہے اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *