وفاقی کابینہ کا اجلاس، پروڈکشن آرڈر قانون میں ترمیم لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ن لیگی رکن اسمبلی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، ان کی گرفتاری سیاسی نہیں بلکہ قانونی معاملہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا،اجلاس میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت بے نامی جائیدادوں کی ضبطگی کل رات 12 کے بعد سے شروع ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کا نیا ماسٹر پلان ایک ماہ میں بنانے کی ہدایت کی جبکہ سی ڈی اے کی کارکردگی پر حکام کی سرزنش بھی کی اور کہا کہ کیا دنیا میں ایسا کوئی ادارہ ہے جو زمینیں بیچ کر عملے کو تنخواہیں ادا کرے؟وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ ملکی ہوائی اڈوں پر جنگی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ائیرپورٹس پر تارکین وطن کیساتھ عزت واحترام سے پیش آیا جائے۔ ائیر پورٹ پر متعین عملے کے رویے میں تبدیلی لائی جائے، ، اس پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔عمران خان نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، ان کی گرفتاری سیاسی نہیں بلکہ قانونی معاملہ ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث ارکان کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں، مجرموں کو جیلوں میں سیاسی قیدی کا پروٹوکول نہ دیا جائے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میںکابینہ نے سعودی عرب کی جانب سے موصول ہونے والے تقریباً 6 ہزار عازمین حج کے کوٹے کی قرعہ اندازی کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اپنے دورہ امریکہ کےبارے میں وفاقی وزراکو اعتماد میں لیا، ان کا کہنا تھا کہ دورہ امریکہ کے دوران صرف سفارتخانے میں قیام کروں گا، کوئی شاہ خرچی نہیں کی جائے گی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے یہ تجویز بھی دی کہ پروڈکشن آرڈر کے قانون میں ترمیم کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ارکان پروڈکشن آرڈر کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں، کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث ارکان کے پروڈکشن آرڈر نہیں ہونے چاہئیں۔ کابینہ اراکین نے وزیراعظم کی تجویز سے اتفاق ظاہر کیا جس کے بعد حکومت نے پروڈکشن آرڈر قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا۔اجلاس میںسرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *